• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کی چینی وزیرِ خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے چینی وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی جس میں جنوبی ایشیاء کی صورتِ حال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی خود مختاری کے دفاع پر چین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، پاکستان چین کے کلیدی مفادات پر مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کےلیے ناگزیر ہے۔ 

چینی وزیرِ خارجہ چین وانگ ای نے کہا کہ چین پاکستان کا آہنی بھائی اور اسٹریٹجک پارٹنر ہے، چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے، چین پاکستان کی خود مختاری اور ترقی کے سفر کی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، سی پیک فیز ٹو کی پیشرفت پر دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سی پیک میں تھرڈ پارٹی شمولیت کے نئے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی، علاقائی ترقی، امن اور استحکام کےلیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہوا، دونوں ممالک نے قریبی روابط اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

قومی خبریں سے مزید