خاتون اوّل آصفہ بھٹو زرداری اور وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ورلڈ بینک کے وفد کے ہمراہ نظر محمد لغاری گوٹھ کا دورہ کیا۔
ورلڈ بینک کے وفد میں مینیجنگ ڈائریکٹر اینا بیجئرڈ اور کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین حسین شامل ہیں۔
آصفہ بھٹو، مراد علی شاہ اور ورلڈ بینک کے وفد نے نظر محمد لغاری گوٹھ میں سیلاب متاثرین کےلیے تعمیر شدہ گھروں کا معائنہ کیا۔
آصفہ بھٹو اور ایم ڈی ورلڈ بینک نے متاثرہ خواتین میں گھروں کی ملکیت کی اسناد تقسیم کیں۔ ایم ڈی ورلڈ بینک کو ملاقات کے دوران متاثرہ خواتین کا دستکاری کا کام بھی دکھایا گیا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے وفد کو بتایا کہ نظر محمد لغاری گوٹھ میں سیلاب سے تباہ 32 گھروں کی تعمیر نو کی گئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ خواتین کو مالکانہ حقوق دینے والا پاکستان کا سب سے بڑا پروگرام ہے، سندھ حکومت دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کےلیے پُرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 2022ء کے سیلاب میں سندھ میں 21 لاکھ مکانات تباہ ہوئے، ورلڈ بینک کی 500 ملین ڈالرز کی ابتدائی امداد سے گھروں کی بروقت تعمیر ممکن ہوئی، ورلڈ بینک نے امداد میں مزید 450 ملین ڈالرز کا اضافہ کیا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ رقم 7 لاکھ 78 ہزار گھروں کی تعمیر میں مددگار ثابت ہوئی، 450 ملین ڈالرز میں سے 54.92 ملین ڈالرز پانی، صفائی اور صحت عامہ کےلیے مختص کی ہے۔
ایم ڈی ورلڈ بینک نے سندھ حکومت کی قیادت اور ویژن کو سراہا اور سندھ حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔