وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عالمی دن برائے پلاسٹک سے پاک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پلاسٹک کی آلودگی ماحول، دریاؤں، سمندری حیات اور شہری ڈھانچے کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
کراچی جاری کیے گئے پیغام میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ پلاسٹک کا خاتمہ اجتماعی ذمے داری ہے، عوام بہتر شہری ماحول کے لیے پلاسٹک کا استعمال ترک کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ پلاسٹک سے پاک ماحول ہی بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، حکومتِ سندھ نے پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات کیے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومتِ سندھ نے اگست 2024ء سے حکومتی دفاتر میں پلاسٹک بوتلوں کے استعمال پر پابندی عائد کی۔
انہوں نے پلاسٹک کی بوتلوں کی جگہ شیشے کے جگ استعمال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپریل میں سندھ حکومت نے پلاسٹک بیگز کی تیاری، فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام پلاسٹک کی جگہ کپڑے اور کاغذ کی ماحول دوست اشیاء استعمال کریں۔