لاہور ہائی کورٹ نے اینٹی بیگری ایکٹ پر مکمل طور عملدرآمد کروانے کا حکم دیتے ہوئے بھکاریوں کے لیے بنائے گئے فلاحی مراکز فعال بنانے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے مقامی وکیل کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ بھکاری مافیا کے خاتمے کےلیے قانون تو بنا دیا گیا ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، عدالت نے بھی پنجاب حکومت کو بھکاری مافیا ختم کرنے کا حکم دیا، مگر سرکاری محکمے عدالتی حکم پر عمل نہیں کر رہے، بیرون ملک بھی بھکاری مافیا بدنامی کا باعث بن رہا ہے، استدعا ہے کہ پنجاب حکومت کو بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا جائے۔
سیکریٹری داخلہ نورالامین مینگل نے رپورٹ پیش کی تو عدالت نے حکم دیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کر کے رپورٹ پیش کریں۔
لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران ہدایت کی کہ 3 ماہ میں عدالتی حکم پر عمل درآمد کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔
عدالت نے یہ ہدایت بھی کی کہ بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کےلیے موبائل ایپ بنائی جائے جبکہ چھوٹے بچوں سے بھیک منگوانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں۔