• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے کشیدگی میں پاکستان کی حمایت پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا صدر آذربائیجان الہام علیوف سے اظہارِ تشکر

آذربائیجان کے ضلع لاچین میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار ان کے ہمراہ تھے۔

ملاقات کے حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی پر صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارک باد دی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کو سراہا، بھارت کے خلاف معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذر بائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا، پاکستان اور آذربائیجان میں سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کے ذریعے اسٹریٹجک شراکت داری کو متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر آذربائیجان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیش رفت کے حوالے سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بہت جلد ملاقات پر اتفاق بھی کیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، لاچین میں اجلاس کا انعقاد آذربائیجان کی استقامت اور بحالی کے سفر کا عکاس ہے، یہ دونوں ممالک کےلیے گہری علامتی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید