پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے ستائیس برس مکمل ہوگئے، پاکستان نے آج ہی کے دن بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا، خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا اور دفاع کا حق منوایا۔
یوم تکبیر پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور وطن کے رکھوالوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔
یوم تکبیر 1998 کے اُس عظیم لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان جوہری طاقت کے طور پر اُبھرا۔
یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہوکر نکلے ہیں، فتح مبین سے سرشار قوم کے لیے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ مئی 1998 میں بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خودمختاری کو چیلنج کیا تھا، نوازشریف نے 6 دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت نوازشریف نے قوم کی امنگوں، مفادات کی ترجمانی کی، نوازشریف اقتصادی پابندیوں، دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لائے۔
وزیراعظم نے ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا اور جوہری اثاثوں کی بھرپور حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔