بھارتی میڈیا پاکستان کے جونیئر ٹینس پلیئرز کے خلاف زہر اگلنے لگا۔
جونیئر ڈیوس کپ میں پاک بھارت میچ کے بعد بھارتی میڈیا نے 15 سالہ پاکستانی پلیئر کے خلاف مہم شروع کر دی ہے اور سوشل میڈیا پر ادھوری ویڈیو کی بنیاد پر بھارتی میڈیا نے زہر اگلنا شروع کر دیا۔
ڈیوس کپ میں شکست کے بعد پاکستانی پلیئرز میکائیل علی بیگ کے بھارتی پلیئرز کے ساتھ ہاتھ ملانے کے انداز پر بھارتی میڈیا نے واویلا مچا دیا۔
پی ٹی ایف کے ذرائع کے مطابق میکائیل علی بیگ میچ ہارنے پر خود سے اپ سیٹ تھے، بھارتی میڈیا ادھوری ویڈیو پر شور مچا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پوری ویڈیو میں پلیئر کو بھارتی حریف سے کہتے سنا جاسکتا ہے کہ میں تم سے نہیں خود پر ناراض ہوں، مکمل ویڈیو میں پاکستانی پلیئر کو کوچ سے گلے لگ کر روتا دیکھا جاسکتا ہے، میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کوچز نے بھی آپس میں ہاتھ ملایا۔
پی ٹی ایف کے ذرائع نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا ایک 15 سالہ پلیئر کے خلاف ’ہیٹ آف دا مومنٹ‘ کی بنیاد پر پروپیگنڈا مایوس کن ہے، اگر کھلاڑی نے کسی قانون کی خلاف ورزی کی ہوتی تو اس پر آئی ٹی ایف جرمانہ کرتی جو نہیں کیا گیا۔