• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کھلاڑی سے ہینڈ شیک کے معاملے پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر کا مؤقف سامنے آگیا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ میکائیل علی بیگ کے ہینڈ شیک کے معاملہ کو چھوٹے سے کلپ کی بنیاد پر اچھالا جا رہا ہے، انڈین میڈیا پچھلے تین چار ہفتوں سے ایسے کام کر رہا ہے۔

ایک ویڈیو پیغام میں اعصام الحق نے کہا کہ اگر پوری ویڈیو دیکھیں تو معلوم ہو جائے گا کہ میکائیل بیگ میچ ہارنے پر خود سے ناراض تھے، انہوں نے انڈین پلیئر سے بھی یہ کہا تھا کہ وہ ان پر نہیں خود پر غصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میچ کے بعد پوری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کے کپتان شہزاد خان نے انڈین ٹیم کو سراہا، میکائیل علی بیگ کی والدہ نے بھی انڈین پلیئر کو جاکر کہا، "ویل پلیئڈ"۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ انڈین ٹینس فیڈریشن اور میڈیا سے کہوں گا کہ وہ پوری پکچر دیکھیں، چھوٹے کلپ کی بنیاد پر واویلا نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ غلط ہوا ہوتا تو پاکستان ٹیم پر جرمانہ کیا جاتا مگر ایسا نہیں ہوا، میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ساتھ میں تصویر بھی بنائی۔

پاکستان انڈر 16 ڈیوس کپ ٹیم کے پلیئر حمزہ رومان نے کہا کہ میچ کے بعد پوری پاکستان ٹیم جا کر انڈین ٹیم سے ملی، میڈیا میں ایک چھوٹا کلپ آگیا مگر ہمارے ملنے کا کلپ نہیں آیا۔

حمزہ رومان کا کہنا تھا کہ پلیئرز کے درمیان کوئی ناخوشگوار بات نہیں ہوئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید