• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی ہدایت پر آئی جی پنجاب کا ٹریفک پولیس اصلاحات لانے کا فیصلہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اجلاس میں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں ٹریفک پولیس میں اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ٹریفک انتظام میں بہتری، حادثات میں کمی، لائسنسنگ میکانزم میں شفافیت پر توجہ مرکوز ہے، ٹریفک افسران کو باڈی کیم فراہم کیے جا رہے ہیں، چالان کا ویڈیو و تصویری ثبوت دستیاب ہوگا۔

اُنہوں نے بتایا کہ روڈ انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ کےلیے 1400 پوائنٹس کی نشاندہی مکمل ہوگئی ہے، تجاوزات ختم کروائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ، روڈ سیفٹی اور قوانین لاگو کروانے میں ڈی پی اوز بھی ذمہ دار ہوں گے۔

اُنہوں نے ہدایت دی کہ سی پی اوز، ڈی پی اوز متعلقہ سی ٹی اوز، ٹریفک افسران کی کارکردگی مانیٹر کریں۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ٹانگے، گدھا و بیل گاڑیاں و موٹر سائیکل رکشہ ریڑھیوں کو مین شاہراہوں پر آنے کی اجازت نہ دی جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ بچوں کے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر والدین کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ون وے، رانگ پارکنگ، اوور اسپیڈنگ و لوڈنگ سمیت تمام خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کریں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حادثات کی صورت میں متعلقہ ڈی ایس پی جائے حادثہ پر پہنچ کر سی پی او اور ڈی پی او کو رپورٹ دے گا۔

علاوہ ازیں، آئی جی پنجاب نے افسران کو ٹریفک حادثات بتدریج 25 فیصد تک لانے کا ٹارگٹ دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید