پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے پہلے مرحلے میں لاہور میں لائسنسنگ سسٹم کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا ہے، جو کہ میڈیکل اور ڈینٹل گریجویٹس اور پریکٹیشنرز کی سہولت کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
دوسرا مرحلہ کراچی اور پشاور میں، تیسرا مرحلہ جامشورو اور بلوچستان میں جب کہ چوتھا مرحلہ ملتان میں شروع کیا جائے گا۔
لاہور میں یہ نظام پی ایم اینڈ ڈی سی کے لاہور ریجنل آفس واقع شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور میں متعارف کروایا گیا ہے۔
یہ ڈیجیٹل اقدام نئے فارغ التحصیل اور تمام میڈیکل اور ڈینٹل پروفیشنلز و اسپیشلسٹس کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، تاکہ وہ اپنی رجسٹریشن تیزی اور محفوظ طریقے سے مکمل کر سکیں۔
یہ نظام شفافیت، کارکردگی اور رسائی کو بہتر بناتا ہے، روایتی رکاوٹوں کو ختم کرتا ہے اور رجسٹریشن کے وقت کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔
اس اقدام کا سب سے نمایاں فائدہ یہ ہے کہ پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز کو اب رجسٹریشن سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد ہیڈ آفس جانے کی ضرورت نہیں ہو گی، جس سے ان کا قیمتی وقت اور توانائی بچے گی۔
مزید برآں وہ ڈاکٹرز جو آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست فارم بھرنے میں دشواری کا سامنا کر رہے ہوں، انہیں لاہور ریجنل سینٹر میں موجود عملہ مکمل رہنمائی اور معاونت فراہم کرے گا، اب تمام رجسٹریشن سروسز پی ایم اینڈ ڈی سی لاہور ریجنل آفس میں دستیاب ہوں گی۔
ان سروسز میں شامل ہیں، مکمل رجسٹریشن، لائسنس کی تجدید، گڈ اسٹینڈنگ سرٹیفکیٹس کا اجراء، ڈپلیکیٹ سرٹیفکیٹس، رجسٹریشن ڈیٹا میں کسی قسم کی تبدیلی، تاہم تدریسی اسناد اور عملی تجربے سے متعلق معاملات لاہور ریجنل آفس میں انجام نہیں دیے جائیں گے۔
لاہور آفس آن لائن درخواستوں کی پراسیسنگ اور متعلقہ سوالات کے حل میں بھی مکمل معاونت فراہم کرے گا۔
اصل سرٹیفکیٹس ٹی سی ایس کوریئر سروس کے ذریعے پریکٹیشنرز کو بھیجے جائیں گے، جبکہ سہولت کے لیے متعلقہ سرٹیفکیٹ کی کاپی لاہور آفس سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس پیش رفت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے ریجنل دفاتر کے ذریعے لائسنسنگ کے عمل کو تیز کرنے کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے ہم اپنے ڈاکٹرز کو بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے مزید بتایا کہ پہلا مرحلہ لاہور میں پنجاب کے پریکٹیشنرز کے لیے شروع کیا گیا ہے اور یہ نظام جلد ہی ملک بھر میں توسیع پائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ درخواست دہندگان اب پی ایم اینڈ ڈی سی لاہور ریجنل آفس کا دورہ کر کے رجسٹریشن سروسز سے متعلق درخواستوں کی پراسیسنگ اور سوالات کے حل کے لیے معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔