سری لنکا کی لنکا ٹی 10 لیگ کی ٹیم ’گال مارویلز‘ کے مالک پریم ٹھاکر کو میچ فکسنگ کے جرم میں 2 برس جیل کی سزا سنا دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لنکا ٹی 10 لیگ میں میچ فکس کرنے پر فرنچائز ’گال مارویلز‘ کے بھارتی اونر کو سری لنکا کی عدالت کی جانب سے سزا سنائی گئی ہے۔
گال مارویلز کے مالک پریم ٹھاکر کو 2 سال جیل کی سزا کے علاوہ 6 ملین روپے ہرجانہ اور 10سال کے لیے کرکٹ کھیل سے معطل بھی کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا کی کینڈی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ پریم ٹھاکر جاری تحقیقات میں مدد کےلیے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو اپنا موبائل ڈیٹا بھی مہیا کریں۔
سری لنکا کی عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ فرنچائز گال مارویلز کے اونر اسی صورت میں ملک چھوڑ سکتے ہیں کہ جب وہ ہرجانے کی رقم ادا کر دیں۔
یاد رہے کہ پریم ٹھاکر پر ویسٹ انڈین کرکٹر آندرے فلیچر کو لنکن پریمئیر لیگ میں اپنی ٹیم کے میچ پر فکسنگ کےلیے آمادہ کرنے کا الزام تھا۔