فیصل آباد سے کراچی آنے والی 10 سال کی بچی کے ٹرین سے اغواء ہونے کے واقعے میں ریلوے پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر رات گئے گلشنِ اقبال بلاک 13 ڈی میں چھاپہ مارا تاہم چھاپے کے دوران اغواء ہونے والی بچی بازیاب نہیں ہو سکی۔
پولیس حکام کے مطابق بچی کی والدہ کے شک کی بنیاد پر تفصیلات حاصل کرکے ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا، بچی کا والد نشے کا عادی ہے، بچی کی والدہ شوہر سے تنگ آ کر 27 مئی کو گھر چھوڑ کر کراچی آ رہی تھی۔
بچی کی والدہ کے مطابق بوگی میں موجود کچھ افراد نے سکھر کے قریب لسی پلائی۔
ان کا کہنا ہے کہ لسی پینے کے بعد نیند آ گئی، آنکھ کھلی تو بچی موجود نہیں تھی اور لسی پلانے والے افراد بھی غائب تھے، پولیس نے ڈھونڈا لیکن بچی نہیں ملی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ اغواء کاروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔