• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین اور کشمیر میں لاکھوں معصوم بچے اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کا شکار ہیں، مریم نواز

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز — فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز — فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں لاکھوں معصوم بچے اسرائیلی اور بھارتی جارحیت کا شکار ہیں۔

جارحیت کے شکار معصوم بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کی معصوم مسکراہٹیں آہوں اور سسکیوں میں بدل جائیں تو انسانیت کا سر جھک جاتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ غزہ میں عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہزاروں ننھی لاشیں اسرائیلی جارحیت پر عالمی بےحسی کا نوحہ ہیں، پنجاب نے پاکستان میں پہلی بار ’چائلڈ پروٹیکشن پالیسی‘ کی منظوری دی۔

 ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے نیچے ہزاروں معصوم بچپن بھی دفن ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی فضائیں بھی اُن بچوں کی سسکیوں سے بوجھل ہیں، جنہیں تااَبد خاموش کر دیا گیا، جارحیت کے شکار بچوں کا المیہ انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔

 مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں معصوم بچوں کو جارحیت سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات بروئے کار لائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبےکا ہر ادارہ، ہر قانون اور ہر قدم بچوں کے حقوق، تحفظ اور فلاح کے لیے ہم آہنگ ہے، جو معاشرہ بچوں کو امن نہیں دے سکتا، وہ خود کبھی پائیدار امن نہیں پا سکتا۔

قومی خبریں سے مزید