• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء یوسف قتل کیس: شناختی پریڈ کیلئے ملزم کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ڈسٹرکٹ اینڈسیشن کورٹ اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات کی شناخت پریڈ کی درخواست منظور کرلی گئی، گرفتار ملزم کو شناختی پریڈ کے لیے 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت ڈیوٹی پراسیکیوٹر کی جانب سے ثنا یوسف قتل کیس کے مقدمے کا متن پڑھا گیا، جبکہ متعلقہ عدالت کے پراسیکیوٹر اور ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کی غیرحاضری پر  ڈیوٹی مجسٹریٹ احمد شہزاد نے پراسیکیوٹرز پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ میری عدالت کے پراسیکیوٹر کہاں ہیں؟

ڈیوٹی مجسٹریٹ نے تفتیشی افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ویسے پراسیکیوٹر آتے نہیں، ہائی پروفائل کیس ہے تو سب پراسیکیوٹرز پہنچ گئے۔ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو کمرہ عدالت میں بلائیں، جس پر ڈیوٹی پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر چھٹیوں پر ہیں۔

 ڈیوٹی مجسٹریٹ احمد شہزاد نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر آئیں گے تو کیس آگے چلے گا۔

ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کے آنے تک عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا، جس کے بعد ملزم عمر حیات کو دوبارہ گاڑی میں بٹھا دیا گیا۔ 

بعدازاں ڈیوٹی مجسٹریٹ احمد شہزاد نے تفتیشی افسر کی استدعا پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم عمرحیات کو شناخت پریڈ کےلیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم عمر حیات کے خلاف تھانہ سنبل میں قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید