کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں گزشتہ رات فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا، جس کی شناخت عدیل کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو حاصل کی جا رہی ہیں اور واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول نے لیاقت آباد کے ٹاؤن ممبر علی عدیل کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے نہتے اور معصوم کارکنان پر قاتلانہ حملہ شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ دشمن کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکتے۔
اس حوالے سے ناظم آباد میں نجی اسپتال کے باہر ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے ہوٹل پر فائرنگ کی، فائرنگ سے علی، مصطفیٰ سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر لیے ہیں، تحقیقات جاری ہیں۔