قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن کا کہنا ہے کہ میں نہیں بتا سکتا کہ کتنے سال میں پاکستان کی فٹبال ٹیم کھڑی ہوجائے گی، تاہم پی ایف ایف انتخابات کے بعد پاکستان فٹبال میں استحکام اور ٹیلنٹ ہنٹ کرنے کی امید ہے۔
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیفن کانسٹنٹائن نے کہا کہ ایشین کپ کوالیفائرز کےلیے کم وقت میں زیادہ محنت کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میانمار کے خلاف میچ کےلیے تیاری پوری کریں گے، یہ چیلنجنگ ٹیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیگ کی عدم موجودگی پاکستان فٹبال کا کمزور پہلو ہے۔ ڈیویلپمنٹ کا کام نہیں ہوگا تو نیا کھلاڑی اپنے کھیل میں بہتری نہیں لاپائے گا۔
ماضی کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت کا کوچ تھا تو وہاں 16 ٹیموں پر مبنی فٹبال لیگ ہوتی تھی۔ بارہ سال بعد بھارتی فٹبال فیڈریشن نے فرنچائز لیگ متعارف کروائی۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ میں نہیں سمجھتا پاکستان میں صرف ایک کھیل کرکٹ کو ہی کھیلا اور دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کو قومی ٹیم کی بہتر پرفارمینس کے باعث دیکھا جاتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال میں میرٹ پر فیصلے ہوتے رہے تو فٹبال ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پاکستان میں ایک دو نہیں بلکہ سب ہی مستقبل کے اسٹارز ہیں۔