کراچی(اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ و شدید گرمی میں بھی عوام بجلی و پانی کے بحران کا شکار رہے، کے الیکٹرک نے عید الاضحیٰ کے موقع پربھی شدید گرمی و حبس کے موسم میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کر کے شہریوں کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار کیا، وفاقی و صوبائی حکومتوں کا کام صرف کے الیکٹرک کو نوازنا اور سہولتیں پہنچانا رہ گیا ہے،کے الیکٹرک کی طرح واٹر کارپوریشن نے بھی ایک مافیا کی صورت اختیار کرلی ہے اور ملک کے سب سے بڑے شہر کے عوام کو پانی میسر نہیں، قابض میئر جوواٹر بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں کی ذمہ داری بنتی ہے پانی کی فراہمی ممکن بنائیں،جماعت اسلامی کے پاس شہر میں 9ٹاؤنز کی ذمہ داری ہے، جن میں صفائی ستھرائی اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے بہترین نظام بنایا گیا،شہر بھر میں 200سے زائد اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کیے گئے جہاں الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت اجتماعی قربانی کی گئی،گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ کھالیں دینے پرہم اہل کراچی کو مبارکباد پیش اور اظہار تشکر کرتے ہیں کہ جنہوں نے ایک بار پھر الخدمت پر اعتماد کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی و الخدمت کے تحت عید الاضحیٰ کے دوران مختلف اضلاع میں اجتماعی قربانی کے مراکز کے دورے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، منعم ظفر خان نے جامع مسجد قباء فیڈرل بی ایریا بلاک 13، جامع مسجد الہدیٰ پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی، جامع مسجد العزیز، جامعۃ الاخوان نیو کراچی، آگرہ تاج کالونی، بہار کالونی، چاکیواڑہ، ڈیفنس فیز 2سمیت مختلف علاقوں میں قائم اجتماعی قربانی کے مراکز کا دورہ کیا، منعم ظفر خان نے کہا کہ توقع تھی کے ایم سی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی اور آلائشیں اُٹھانے کے حوالے سے ٹاؤنز کے ساتھ کوآرڈی نیٹ کیا جائے گا لیکن سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، منعم ظفر خان نے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور حکمران جماعتوں کی نااہلی ہے جنہوں نے گزشتہ 20سال میں کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں کیا۔ شہری مہنگے داموں ٹینکروں کے ذریعے پانی خرید نے پر مجبور ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد کے فور منصوبہ مکمل اور شہریوں کو پانی فراہم کیا جائے۔