• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے پہلے بھی جھڑپ ہوتی رہی لیکن پہلی بار دنیا ہمارے ساتھ کھڑی ہوئی: مصدق ملک

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ مصدق ملک کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ پہلے بھی جھڑپ ہوتی رہی ہے لیکن پہلی بار آپ نے دیکھا کہ پوری دنیا ہمارے ساتھ کھڑی تھی۔

ایک بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر بھی کامیابی حاصل ہوئی، میڈیا نے بھی ذمے داری کا ثبوت دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت نے تین ہوّے بنا رکھے تھے کہ ان کی روایتی جنگ کا کوئی ثانی نہیں، پھر آپ نے یہ متھ ٹوٹتے دیکھی، بھارت نے ہوّا بنا رکھا تھا کہ رافل طیارے ہیں، پھر آپ نے پھڑپھڑاتے پرندوں کی طرح رافل گرتے دیکھے۔

مصدق ملک نے کہا کہ بھارت نے ایس 400 کو بھی ہوّا بنا رکھا تھا پھر آپ نے پاکستانی ڈرون بھارت میں دیکھے اور وہاں ایئر بیسز کو تباہ ہوتے دیکھا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم مضبوطی اور خود اعتمادی کے ساتھ آ رہے ہیں، ہم تو خطے میں امن چاہتے ہیں، وہ آج بھی جنگ چاہتے ہیں، وزیراعظم نے بھارت کو کہا آئیں بات کریں، بھارتی وزیراعظم نے کہا نہیں جنگ کرنی ہے، چلیں جنگ بھی ہوگئی۔

مصدق ملک نے کہا کہ اتنے نقصان کے بعد پھر وہ خود ہی بات چیت پر آگئے اور ہم تو کب سے کہہ رہے ہیں بات چیت ہونی چاہیے، بھارت کی غنڈا گردی کی وجہ سے ہمارا مقدمہ آسان ہو گیا۔

قومی خبریں سے مزید