پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے ایک نہایت تکلیف دہ دور میں خودکشی کی کوشش کی تھی۔
شاہد نے اردو اور پنجابی فلموں میں طویل اور کامیاب کیریئر گزارا، حال ہی میں ایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئے اور اپنی زندگی کے کچھ ایسے پہلوؤں سے پردہ اٹھایا جو اس سے قبل عوام کے علم میں نہیں تھے۔
اداکار نے بتایا کہ جب میں صرف 9 سال کا تھا تو میری والدہ انتقال کر گئیں تھیں، میں اسکول میں تھا اور والدہ مجھے اکثر لینے آیا کرتیں تھیں لیکن ایک دن جب وہ نہ آئیں تو دل بہت بوجھل ہو گیا، اسکول کے پرنسپل نے کہا کہ آپ قریبی علاقے میں رہتے ہیں اس لیے خود واپس چلے جائیں، راستے میں قدم جیسے بھاری ہو گئے تھے، جب گھر پہنچا تو دروازے پر بہت سی گاڑیاں دیکھیں اور اندر جا کر معلوم ہوا کہ ماں کا انتقال ہو چکا ہے وہ لمحہ آج بھی دل میں ویسا ہی تازہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک فلم میں مجھے بالکل ایسے ہی منظر کی عکسبندی کرنا پڑی جو میری ماں کی موت سے مشابہت رکھتا تھا اور وہ منظر میرے لیے ناقابل برداشت ہوگیا تھا۔
شاہد نے پہلی بار اپنی زندگی کا سب سے کمزور لمحہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ماں کی موت نے مجھے اتنا توڑ دیا تھا کہ 14 سال کی عمر میں خودکشی کی کوشش کی، میں سمجھنے لگا تھا کہ ماں کے بغیر زندگی کا کوئی مطلب نہیں، اور شاید مجھے نہیں جینا چاہیے۔
مزید برآں شاہد نے اپنی زندگی کی ایک اور بڑی ندامت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بیوی اور خاندان کو وقت نہیں دیا، کام میں اتنا مصروف رہا کہ انہیں وہ توجہ نہ دے سکا جس کے وہ مستحق تھے۔
شاہد نے کہا کہ میں نے ان سے معافی مانگی ہے لیکن یہ احساس جرم اب بھی میرے دل میں ہے۔