بھارت کے شہر احمد آباد میں بوئنگ کمپنی کے طیارے کو پیش آئے حادثے کے بعد عالمی مارکیٹ میں بوئنگ کمپنی کے شیئرز میں 6 فیصد کمی ہوگئی۔
واضح رہے کہ بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارہ گر کرتباہ ہو گیا ہے، طیارے میں 242 مسافر سوار تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کے شکار طیارے میں169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے۔
دوسری جانب ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل 1 بج کر 39 منٹ پر کیپٹن نے مےڈے کی کال دی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں گجرات کے سابق وزیرِ اعلیٰ بھی سوار تھے۔
فلائٹ ریڈار کے مطابق پرواز سے اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ترجمان نے بھارت میں طیارہ گرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں طیارہ گرنے کی ابتدائی رپورٹس سے آگاہ ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔