• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی شہر احمدآباد میں ایئرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ گر کرتباہ: 241 افراد ہلاک

بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارہ گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے طیارے میں سوار 241 افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں ایئر پورٹ کے قریب مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی پولیس کے مطابق طیارہ ڈاکٹروں کے ہوسٹل کی عمارت پر گرا ہے، طیارے نے لندن کےلیے اُڑان بھری تھی کہ گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی سرکاری ایئرلائن کا طیارہ لندن جا رہا تھا، مسافر طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔

خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے، حادثے کا شکار طیارے میں 11 بچے بھی موجود تھے۔

دوسری جانب بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل 1 بج کر 39 منٹ پر کیپٹن نے مےڈے کی کال دی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں گجرات کے سابق وزیرِ اعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے شکار طیارے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر نے ایک بج کر 38 منٹ پر اُڑان بھری تھی، پرواز سے اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد احمدآباد ایئرپورٹ فی الحال آپریشنل نہیں، ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

بلاول بھٹو کا گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھارت کے شہر احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا کی پرواز کو حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج ایک افسوسناک حادثے کی خبر سن کر دل دکھی ہوا۔

انہوں نے تحریر کیا کہ ایئر انڈیا کی ایک پرواز جس میں تقریباً 240 مسافر سوار تھے، بھارتی شہر احمد آباد کے قریب اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد تباہ ہو گئی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید