• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکسر عالیہ سومرو کو دھمکیاں، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آگئی

پاکستانی باکسر عالیہ سومرو کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں ملنے اور ویڈیو بیان وائرل ہونے کے بعد کراچی پولیس حرکت میں آگئی۔

لیاری کی رہائشی عالیہ سومرو نے اپنا ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا، جو وائرل ہوگیا، جس میں کہا گیا کہ ایک شخص جو ماضی میں لیاری گینگ وار کا سہولت کار اور اب جعلی میڈیا کا نمائندہ ہے، اس کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔

پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہا ہے کہ عالیہ سومرو کو واٹس ایپ پر دھمکیاں ملی ہیں، واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ باکسر عالیہ سومرو نے خود پولیس سے سیکیورٹی کےلیے رابطہ کیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی کے مطابق بچی قومی ہیرو ہے، اسے سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی تھی، واٹس پر نامعلوم شخص کی جانب سے رقم کا تقاضا کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی سٹی کا بتانا ہے کہ عالیہ سومرو کے معاملے کو تحقیقات کے سلسلے میں ایف آئی اے کے حوالے کیا جانا تھا، تاہم اب عالیہ سومرو کے والدین نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے۔

والدین کا کہنا ہے کہ لیاری کے بزرگوں اور ان کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید