• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کی خاطر پاک فوج مسلسل منظم جدوجہد کررہی ہے اور ہمارے افسر اور جوان اُنکے سازشی منصوبوں کو خاک میں ملارہے ہیں۔ افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ روز بھی صوبہ خیبر پختون خوا میں جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کیخلاف خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن میں گیارہ دہشت گردوں کو ہلاک، سات کو زخمی اور انکے ٹھکانوں کو مؤثر طور پر نیست و نابود کیا جبکہ اس کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران چکوال سے تعلق رکھنے اور آپریشن کی قیادت کرنیوالے37سالہ میجر معیز عباس شاہ اور27سالہ لانس نائیک جبران اللہ نے جام شہادت نوش کیا جو بنوں کے رہنے والے تھے۔ میجر معیز شہید نے متعدد آپریشنوں میں خوارج کے خلاف جرأت مندانہ کارنامے انجام دیے تاہم اپنے جس تاریخی کارنامے کی وجہ سے وہ خصوصی شہرت رکھتے ہیں وہ 27؍فروری 2019ءکو ان کے ہاتھوں بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن کی گرفتاری کا واقعہ ہے۔اس روز پاک فضائیہ کے شاہینوں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پردو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا اور ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن کو زندہ گرفتار کیا تھا۔پاکستانی حدود میں گرنے کے بعد پاکستانی شہری بھارتی پائلٹ کو تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے کہ میجر معیز اپنی ٹیم کے ساتھ وہاں پہنچے اور جنگی قوانین کے مطابق اس کی گرفتاری عمل میں لائے۔بھارتی پائلٹ کی زندہ حالت میں گرفتاری اور اس کے بیانات مودی حکومت کیلئے بڑی سبکی کا باعث بنے جبکہ افواج پاکستان کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا۔ خدا کرے ہماری بہادر افواج اور عوام باہمی تعاون سے ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کرنے میں جلد کامیاب ہوں اور ملک کی ترقی کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ رہے۔

تازہ ترین