الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب کی قانونی ٹیم کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے عمر ایوب کی نااہلی سے متعلق ریفرنس اور اثاثہ جات کیس پر سماعت کی۔
عمر ایوب الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے، سماعت کے دوران عمر ایوب کے وکیل کی جانب سے الیکشن کمیشن میں اسپیکر ریفرنس کیس میں پشاور ہائی کورٹ کا حکم امتناع پیش کیا گیا۔
پشاور ہائی کورٹ کا اسٹے آرڈر الیکشن کمیشن کے سامنے پڑھا گیا۔
ممبر کے پی جسٹس (ر) اکرام اللّٰہ نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے اسٹے آرڈر میں نئی تاریخ نہیں دی۔
الیکشن کمیشن نے قانونی ٹیم کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اور متعلقہ جج سے رجوع کریں اور صورتِ حال سے آگاہ کریں، اسپیکر ریفرنس کا مقررہ وقت میں فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کو اثاثہ جات کیس میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے نااہلی ریفرنس کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ عمر ایوب پر 24-2023ء کے گوشواروں اور ریٹرننگ افسر کو جمع کرائی گئی تفصیلات میں تضاد کا الزام ہے۔