وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ ریونیو بورڈ کے محصولات میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا کے مطابق سندھ ریونیو بورڈ کی محصولات میں پچھلے سال کے مقابلے میں 29.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، جسے سید مراد علی شاہ کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مالی سال 25-2024ء میں ایس آر بی نے 306.6 ارب روپے جمع کیے، سندھ ریونیو بورڈ نے جون 2025ء میں 40.5 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ جون 2025ء کی وصولی جون 2024ء کے مقابلے میں 44 فیصد زیادہ رہی، صرف 1 ماہ میں 40.5 ارب روپے وصول کرنا ایس آر بی کی تاریخی کامیابی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق مئی 2025ء کے مقابلے میں جون میں 30 فیصد زیادہ محصولات جمع ہوئے، ایس آر بی کی ٹیم نے معاشی چیلنجز کے باوجود بہترین کارکردگی دکھائی۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان کے اعتماد اور حکومت کی حمایت نے کامیابی ممکن بنائی، نئے مالی سال میں ’نیگیٹو لسٹ ٹیرف‘ کا نفاذ کیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آمدنی میں مزید بہتری کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔