وزیرٍ دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کی صلاحیتیں چیک ہو چکی ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کا جذبہ آج بھی جوان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعے سے متعلق پاکستان کے خلاف کوئی شواہد نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کے ثبوت افغان حکومت کو دیے، افغان حکومت کو کئی مرتبہ کہا اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ آپس میں ایک دوسرے کے خلاف ہیں مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں، اتفاقِ رائے کے ساتھ تمام باتیں طے ہوتی ہیں۔
وزیرٍ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ میں نے پولیٹیکل اسٹیبلشمنٹ اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے درمیان اتفاقِ رائے کو ہائبرڈ سسٹم کہا ہے، شہباز شریف کی قیادت میں ہائبرڈ سسٹم کامیاب ہورہا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں ہائبرڈ سسٹم کی ناکامی کی نشاندہی کی، پی ٹی آئی دور میں ہائبرڈ سسٹم اس لیے کامیاب نہیں ہوا کہ وہ ایک دوسرے پر اعتماد ہی نہیں کرتے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی صدر کے پاس گئے اور کہا کہ پوری عمر کے لیے باجوہ کو آرمی چیف بنانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پیپلز پارٹی کو کرنا ہے، پی ڈی ایم حکومت میں پیپلز پارٹی کے ساتھ اچھا تجربہ رہا۔