صوبۂ پنجاب کے شہر سرگودھا میں محنت کش پر مبینہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق سرگودھا کے چک 54 جنوبی میں گزشتہ جمعے کو معمولی تلخ کلامی پر محنت کش کو دو درجن سے زائد افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
ملزمان نے بدترین تشدد کے دوران محنت کش کی مونچھیں، بھنویں اور سر کے بال مونڈ دیے تھے، ملزمان نے ہی تشدد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کے خوف زدہ ہونے کے باعث ڈی پی او سرگودھا نے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کروایا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 10 نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔