گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو سیاسی دشمنوں کی ضرورت نہیں وہ ایک دوسرے کےلیے خود ہی کافی ہیں، ہم نے کوئی ڈائیلاگ نہیں مارا کہ عدم اعتماد لا رہے ہیں یا حکومت گرا رہے ہیں، ہمارے نمبرز پورے ہوں گے تو عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہوتے ہیں تو وہ عدم اعتماد کی تحریک لے آتی ہے، پی ٹی آئی حکومت میں ہمارے نمبرز پورے تھے اس لیے ہم عدم اعتماد کی تحریک لے آئے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کے 52 یا 54 ارکان ہیں، یہاں عدم اعتماد کے لیے 25 سے 30 ارکان مزید چاہئیں، اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہو گئے تو ہمارا جمہوری حق ہے کہ عدم اعتماد لے آئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت گرا دیں گے تو لوگوں کو فائدہ ہو گا، وہ یومِ نجات ہو گا، خیبر پختونخوا میں کوہستان میں 50 ارب کی کرپشن اور گندم اسکینڈل سامنے آئے، اسپتالوں میں ادویات اور بلین ٹری سونامی کے اسکینڈل سامنے آئے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ ابھی تک خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا پروگرام نہیں ہے، علی امین گنڈاپور ڈائیلاگ مارتے ہیں مگر کچھ کر نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پورے نہیں، مائنس ون تو کب کا ہو چکا تھا علیمہ خان کو ابھی پتہ لگا ہے۔