دریائے سندھ میں تونسہ بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے، اس کے علاوہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1527 اور منگلا ڈیم میں 1184 فٹ ہوگئی۔
دریائے سندھ میں راجن پور، گھوٹکی اور تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ تونسہ میں کئی بستیاں زیرِ آب آگئیں۔
کمشنر اشفاق چوہدری کا دریائے سندھ میں غازی گھاٹ کا دورہ
کمشنر اشفاق چوہدری نے دریائے سندھ میں غازی گھاٹ کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ تونسہ، کوہ سلیمان اور ڈی جی خان میں دریائی اور پہاڑی سیلاب کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر ریلیف کیمپس اور میڈیکل کیمپس قائم کردیے گئے ہیں جب کہ کوہ سلیمان کی برساتی ندیوں میں طغیانی ہے۔
کمشنر ڈی جی خان کے مطابق وڈور ندی میں 32 ہزار، سوری ندی میں 12400 کیوسک کا ریلا ریکارڈ ہوا۔ وہوا ندی 5 ہزار، سنگڑ ندی میں7 ہزار، مٹھاون ندی میں 14 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ پہلی ترجیح ہے، فی الحال زیادہ خطرے والی بات نہیں ہے۔