وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہر وزارت کا ہر دو ماہ بعد جائزہ لے کر ان کی پرفارمنس جانچیں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی وزارت کی کارکردگی خراب ہوئی تو تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے ایک جاندار ادارہ بن چکا ہے، حالیہ بارشوں سے متعلق این ڈی ایم اے حکام سے میٹنگ کی۔ وفاقی وزیر داخلہ، صوبائی، آزاد کشمیر میں حکومتوں نے بہترین انتطامات کیے.
انہوں نے کہا کہ بارشوں سے کئی قیمتیں جانوں کا نقصان ہوا۔ سوات میں بھی ایک دلخراش اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، سانحہ سوات سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔ آئندہ ایسے سانحے سے بچنے کےلیے مؤثر اقدامات اور تیاری ضروری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے پر چاروں صوبوں کے ساتھ میٹنگ بلائی جائے گی۔
اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچا ہے، اسٹاک ایکسچینج میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔