وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کلاؤڈ برسٹ سے غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، آئندہ بھی کلاوڈ برسٹ کا اندیشہ ہے، ہمیں ابھی سے تیاری کرنی چاہیے، کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا، وزیر اعظم کو ملک میں جاری مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چکوال، لاہور، اسلام آباد میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں، موجودہ بارشوں کے دوران پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں اقدامات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے نقصانات کم ہوئے، پنجاب اور شمالی علاقوں میں شدید بارشیں ہورہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبے تیاری کے ساتھ صورتحال سے نمٹ رہے ہیں، بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 30 سے 40 فیصد بارشیں زیادہ ہوئیں، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہے ہیں، آئندہ 7 روز میں آزاد کشمیر، پنجاب میں بارشوں کا امکان ہے۔
چیئرمین پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔