جامعہ کراچی میں دفترِ مشیرِ امورِ طلبہ اور و امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن کے زیرِ اہتمام سالانہ عظیم الشان یوم حسین رضی اللّٰہ عنہ کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ سمیت طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یوم حسینؓ کی تقریب کی صدارت شیح الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی، مولانا احمد اقبال رضوی، علامہ منظر الحق تھانوی، مولانا عباس وزیری اور خانم شازیہ امام نے خصوصی خطاب کیا۔
یوم حسینؓ میں شریک طلباء و طالبات سے اپنی صدارتی خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ فکرِ حسینی کو عام کرنے کی ضرورت ہے، حسینی فکر، حق کی سر بلندی اور انصاف کی خاطر جہدوجد کرنے کا نام ہے، آج بھی یزیدی عناصر موجود ہیں، یزیدیت برے اعمال کا نام ہے۔
ان کا کہناہے کہ تمام عالمِ اسلام اس وقت انتشار کا شکار ہے اور عالمِ اسلام کے حالات میں بہتری لانے میں طلباء و طالبات کو اپنا کردار اداکرنا ہو گا۔
اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئی علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ ہر بیدار ضمیر امامِ عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی یاد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، حضرت آدم علیہ السلام کے دور سے آج تک بقائے انسانیت کی خاطر حق و باطل کی جنگ جاری ہے، تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ معرکۂ حق و باطل میں طاقت کے زور پر کامیاب ہونے والے ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں، واقعہ کربلا نے تاقیامت حق و باطل کے درمیان ایک لکیر قائم کر دی، فکرِ حسینیؓ عام کر کے دہشت گردی کو شکست دی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ باب العلم کے ماننے والوں کا تقدس تعلیم ہونا چاہیے، نوجوانی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی اعلیٰ ترین درس گاہ کربلا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے احمد اقبال رضوی نے کہا کہ امام حسینؓ کی قربانی کا مقصد دینِ محمد ﷺ کی سر بلندی تھا، جامعات میں یوم حسینؓ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ حسینیت فرقہ واریت نہیں بلکہ اتحاد بین المسلمین کا ذریعہ ہے، اسلام میں دیگر مذاہب کی توہین جائز نہیں بلکہ ایسا کرنے والا خارجی ہے۔
علامہ منظر الحق تھانوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یزید ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک طرزِ فکر کا نام ہے، ہمیں حسینیت عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
اس موقع پر مولانا عباس وزیری نے بھی خطاب کیا۔
یوم حسین ؓ کے دوران طلباء و طالبات نے نوحے، سلام و مرثیے کے ذریعے امامِ عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ اور شہدائے کربلا کی بارگاہ میں نذرانۂ عقیدت پیش کی جبکہ شرکا ء کے لیے مختلف طلباء تنظیموں کی جانب سے سبیلِ امام حسینؓ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے رہبرِ اعظم سید علی خامنہ ای کی تصویر اٹھا کر تجدیدِ عہد بھی کیا۔