نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹیگیشن ایجنسی نے فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم اور کروڑوں روپے کے آن لائن فراڈ کے کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
نیشنل سائبر کرائم اینڈ انویسٹیگیشن ایجنسی نے 8 جولائی کو فیصل آباد میں چھاپہ مار کر آن لائن فراڈ کے بڑے نیٹ ورک کو پکڑا تھا اور 70 سے زائد غیر ملکیوں سمیت 149 ملزمان کو گرفتار کر کے 7 مقدمات درج کیے تھے۔
یہ نیٹ ورک ملک تحسین اعوان کے ڈیرے پر بنائے گئے کال سینٹر میں کام کر رہا تھا۔
مرکزی ملزم ملک تحسین اعوان نے ساتوں مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کروالی تھی۔
این سی سی آئی اے نے آٹھواں مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم ملک تحسین اعوان کو دوبارہ گرفتار کر لیاہے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے غیر ملکی گروہ کے ساتھ مل کر جعلی کمپنیاں بنائیں، بوگس ایگریمنٹ کیے اور اداروں کو غلط ڈیٹا فراہم کیا، غیرملکیوں کو جعلی پاسپورٹ نمبر دیے اور 71 غیرملکیوں میں سے 62 کی موجودگی چھپائی گئی۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف آٹھواں مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزم تحسین اعوان کو آج عدالت میں پیش کرکے اس کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔