پنجاب میں چکوال اور جہلم میں شدید بارشوں سے درجنوں سڑکیں مکمل تباہ ہو گئیں اور دیہات زیر آب آگئے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں نے تباہی مچائی ہوئی ہے، چکوال میں 450 ملی میٹر بارش کے بعد 32 سڑکیں مکمل تباہ ہوگئیں جبکہ سیلابی ریلے رابطہ پل بہا لے گئے۔
صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے، منڈی بہاء الدین میں بپھرے ریلے میں پھنسے خاندان کو بچالیا گیا اور کئی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
سرگودھا میں دریا کنارے آباد 40 سے زائد دیہات سے کئی خاندانوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا، جہلم میں سیلاب میں پھنسے 5 سو افراد محفوظ مقام پر منتقل کیے گئے ہیں جبکہ درجنوں دیہات کو ملانے والی سڑکوں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
اس کے علاوہ جہلم میں شدید بارشوں سے 4 یونین کونسلیں شدید متاثر ہوئیں، سیلاب نے لوگوں کو دربدر کردیا، گلیوں میں پانی جمع ہے۔
سیلاب کے باعث مقامی افراد نے مویشیوں کو جہلم پنڈ دادن خان روڈ پر لاکر باندھ دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ نالہ بہناں پر بند باندھا جائے، سیلاب جہلم کے قریب نالہ بہناں میں بند نہ ہونے کی وجہ سے آیا۔