نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فائلیمن یانگ سے اسحاق ڈار نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
نائب وزیراعظم نے یو این جی اے کے صدر کو بھارت کے جارحانہ رویہ، مزموم ڈس انفارمیشن مہم پھیلانے اور سندھ طاس معاہدہ کو یکطرفہ معطل کیے جانے سے متعلق پاکستان کی سخت تشویش سے آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے یہ اقدامات علاقائی امن اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔
نائب وزیراعظم نے گلوبل گورننس، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات اور ملٹی لیٹرل ازم سے متعلق پاکستان کے عزم کو بھی دہرایا۔
دونوں فریقوں نے جامع اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اقوام متحدہ کو زیادہ موثر، شمولیت کی حامل اور ذمہ دار بنایا جاسکے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی اس ضمن میں قیادت کی ستائش کی اور خاص طور پر پیکٹ فار دا فیوچر اور یو این ایٹی انیشی ایٹو کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اصلاحات شدہ ملٹی لیٹرل ازم کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا تاکہ ایسا نظام تشکیل پاسکے جو حالیہ عالمی چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکے۔