• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے بجائے سفارتکاری کو ترجیح دی: اسحاق ڈار

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہونا عالمی برادری کا دہرا معیار ظاہر کرتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دی۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کی منظوری خوش آئند ہے، عالمی امن سے متعلق آج کا مباحثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈارنے کہا کہ تنازعات کا عدم حل کشیدگی کی شکل اختیار کرگیا ہے، پاکستان تنازعات کے حل میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کے حل میں کثیر الجہتی انتہائی اہم ہے، پاکستان دنیا بھر میں امن کا خواہشمند ہے، فلسطین میں 58 ہزار سے زیادہ افراد کو شہید کیا جاچکا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، تنازعات کا پرامن حل پائیدار عالمی امن کی ضمانت ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی ریاستوں کی خودمختاری کے احترام اور عدم مداخلت پر مبنی ہے۔

واضح رہے کہ کثیرالجہتی تنازعات کے حل سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں مباحثہ ہوا ہے جس کی صدارت نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کی ہے۔

اس موقع پر نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب تنازعات کے پُرامن حل کے طریقہ کار کو مؤثر بنانے سے متعلق قرار داد پیش کی جو منظور کر لی گئی۔

قومی خبریں سے مزید