بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈھا نے کہا ہے کہ انکے ہاں جب بیٹی پیدا ہوئی تو وہ گھبرا گئی تھیں، کہ ہم بھارت میں رہتے ہیں تو مجھے محسوس ہوا کہ اب بندوق خریدنا ہوگی۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے کو انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ جب وہ امید سے تھیں تو انھیں خدشات تھے۔ تاہم ماں بننا اکثر زندگی کی سب سے گہری تبدیلیوں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ لیکن میرے لیے یہ تبدیلی خوف کے احساس کے ساتھ شروع ہوئی۔
انھوں نے اس جذباتی صورتحال کے بارے میں گفتگو میں کہا کہ انھیں اس وقت محسوس ہوا اب انھیں دنیا بھر کے مسائل بالخصوص ماں بننے کے چیلنجز کے تناظر میں غور کرنا ہوگا۔
اداکارہ نے کہا کہ لیکن میری بیٹی زنیرا کی آمد نے میرے نظریے کو بدل دیا اور اب ایک حفاظت کے جذبے اور مضبوط بچی کی پرورش کے عزم کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں۔
انھوں نے تسلیم کیا کہ جب امید سے تھیں تو خدشات تھے۔ یہاں موسمیاتی تبدیلیاں ہیں، نسل کشی ہے، دنیا میں گندگی اور کچرا ہے تو کیا ایسے میں بچے کی پیدائش ایک اچھا آئیڈیا ہے؟
ریچا چڈھا نے کہا کہ جب آپ بہت زیادہ خودمختار ہوتے ہیں، تو یہ پہلو فوراً بدل جاتا ہے، کیونکہ آپ کو ایک انسان کی ذمہ داری اٹھانی پڑتی ہے۔ کم از کم پہلے چھ ماہ کے لیے بچے کی خوراک کا واحد ذریعہ بننے کا عہد کرنا ہوتا ہے جو کہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے، تو میں پریشان ہوئی کہ میرے خدا، کیا میری زندگی ختم ہو گئی ہے؟ لیکن پھر بیٹی کی ولادت کے بعد میں اس کی بقا اور بہتری پر لگ گئی۔
واضح رہے کہ اداکار علی فضل اور ریچا کے ہاں گزشتہ برس 16 جولائی کو بیٹی کی ولادت ہوئی تھی اور ان دونوں نے اس موقع پر اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار ایک بیان میں کیا تھا اور بچی کا نام زنیرا عیدہ فضل رکھا تھا۔