کراچی(اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد کے ہمراہ گلشن اقبال ٹاؤن سے ”آؤ کراچی سرسبزبنائیں“کے عنوان سے ”شجرکاری مہم“کاآغاز کردیا ہے، محمود غزنوی پارک گلشن اقبال بلاک 16میں ”شجر کاری مہم“ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کے تحت موحولیاتی تبدیلیوں اور گرم موسم کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش ِ نظر کراچی میں ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے،ٹاؤن و یوسی چیئر مینوں اور بلدیاتی نمائندوں کی نگرانی میں مہم کو بھر پور و موثر بنایا جائے گا،سندھ حکومت بتائے کہ ماحول کو بہتر بنانے کے لئے اپنا کردار کیوں ادانہیں کررہی؟ حکومت کے 50ہزار درخت لگانے کے وعدے کہاں گئے؟سندھ انوائیر مینٹل پروٹیکشن ایجنسی سمیت دیگر حکومتی ادارے کہاں ہیں؟ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے تمام ادارے شہریوں کو سہولت دینے میں ناکام ہوچکے، کرپشن و لوٹ مار میں ملوث ہیں،کراچی کی شاہراہوں کو ماضی میں ٹھنڈی سڑکیں کہا جاتا تھا، لیکن یہاں کے درختوں کو بی آر ٹیز کے نام پر کاٹ دیا گیا ہے،پچھلے دوسال میں جماعت اسلامی اپنے 9ٹاؤنز میں اب تک 155سے زائد پارکس بحال کرچکی ہے،شہر میں ”روڈ سائیڈ جنگل“اور ”اربن فارسٹ“کا نہ صرف تصور پیش کیا بلکہ عملاََیہ کام کرکے بھی دکھایاہے، گلبرگ ٹاؤن اور لیاقت آباد ٹاؤن میں ہزاروں کی تعداد میں نہ صرف پودے لگائے گئے بلکہ ان کے محفوظ بنانے کے اقدامات بھی کیے گئے۔