راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ کے عہدے کی لابنگ میں پھر تیزی آ گئی ہے۔ ممبر کنٹونمنٹ بورڈ ملک منیر کی طرف سے بعض ممبران سے پارٹی قیادت کے فیصلوں کو ماننے کی تحریر پر مبنی اشٹام پیپر لکھوانے کی مہم کے ردعمل میں باقی ممبران نے مشاورت کے بعد اشٹام لکھ کر دینے سے وفاداری ثابت کرنے کو غیرضروری قرار دیدیا ہے۔ پیر کو ممبران کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد اور سنیٹر چوہدری تنویر خان ممبران کا مشترکہ اجلاس بلا کر وائس پریذیڈنٹ کے اُمیدوار کا فیصلہ کر دیں تو اسے سب ممبران تسلیم کرینگے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تمام فیصلے مشاورت سے ہونے چاہئیں، واضح رہے کہ سابق وائس پریذیڈنٹ راجہ جہانداد خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد نئے وائس پریذیڈنٹ کیلئے حاجی ظفر اقبال، حاجی رشید خان اور کسان ممبر کینٹ بورڈ ملک منیر کے نام سامنے آئے تاہم پارٹی قیادت نے ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی وائس پریذیڈنٹ کیلئے کوئی اُمیدوار نامزد نہ کیا۔ گزشتہ روز ہونے والے اجلاس جس میں حاجی ظفر اقبال، حافظ حسین احمد ملک، رشید خان، شاہد مغل، محمد شفیق، ملک منصور، یوسف گل شریک ہوئے۔ اجلاس میں پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا گیا کہ مشاورت کے بعد وائس پریذیڈنٹ کے امیدوار کا اعلان کیا جائے۔