کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈی ایچ اے نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیدادعدالتی حکم پر قرق کرلی۔ عدالتی ناظر کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم پر ڈی ایچ اے نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی کے حوالے سے زبانی اطلاع دی ہے۔ تحریری رپورٹ پر خود جا کر تصدیق کروں گا۔ اسلام آ باد کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔مقامی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے سے متعلق ڈی ایچ اے انتظامیہ کو حکم جاری کیا تھا کہ پرویز مشرف کی جائیدادیں فوری ضبط کی جائیں جس پر ڈی ایچ اے کی جانب سے عدالتی ناظر کو پرویز مشرف کی جائیدادیں ضبط کرنے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی۔ یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھامداد حسین کھوسو کی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے کے لئے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کو تین دن کے اندر تفصیلات فراہم کرنے کے لئے نوٹسز جاری کیے تھے۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی ڈیفنس میں چار جائیداد سے متعلق رپورٹ پیش کریں ۔واضح رہے سابق صدر پرویز مشرف کےڈیفنس میں چار پلاٹ ہیں جس کی ضبطگی سے متعلق اسلام آ باد کی خصوصی عدالت کے حکم پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے ڈی ایچ اے کو سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کرنے سے متعلق تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔