وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تجارتی ڈیل مکمل ہونے پر امریکا کا شکریہ ادا کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے پاک امریکا تجارتی ڈیل میں امریکی صدر کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ رات واشنگٹن میں دونوں ممالک کے فریقین نے کامیابی کے ساتھ تجارتی معاہدہ انجام دیا، جس پر میں صدر ٹرمپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
وزیر اعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے تاریخی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے میں ان کا (ٹرمپ کا) قائدانہ کردار ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ یہ تاریخی معاہدہ ہمارے تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا، جس سے آئندہ دنوں میں ہماری پائیدار شراکت داری کی حدود کو وسیع کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ شب اعلان کیا تھا کہ پاکستان سے تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا تھا کہ پاکستان اور امریکا تیل کے ذخائر کے معاملے پر مل کر کام کریں گے۔