کراچی(اسٹاف رپورٹر) انگلش کرکٹ ٹیم اوول میں جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ڈرامائی مقابلے بعد چھ رنز سے ہار گئی اور سیریز دو دو سے برابری پر ختم ہوگئی۔ پیر کو ٹیسٹ کے آخری دن انگلینڈ کو جیتنے کیلئے 35 رنز اور بھارت کو 4 وکٹوں کی ضرورت تھی۔ لیکن ہوم سائیڈ 374 رنز کے ہدف تعاقب میں 367رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کرس ووکس زخمی ہاتھ کے ساتھ بیٹنگ کرنے آئے ان کا دوسرا ہاتھ سوئیٹر میں تھا ۔ محمد سراج نے اٹکنسن کو بولڈ کرکے انگلینڈ کی جیت کی امیدیں خاک میں ملا دیں ۔ محمد سراج نے آخری روز تین اور پراسدھ کرشنا نے ایک وکٹ حاصل کی ۔ محمدسراج نے پہلی اننگز چار اور دوسری اننگز میں پانچ وکٹ لئے انہیں پلیئر آف دی میچ قرا ر دیا گیا۔کرشنا نے دوسری اننگز میں چار شکار کیے۔ کپتان شبمن گل نے سیریز میں754رنز بناکر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔ چوتھے روز انگلینڈ نے ہیری بروک اور جو روٹ کی سنچریوں کی بدولت چھ وکٹ پر 339رنز بناکر مضبوط پوزیشن حاصل کرلی تھی۔ سیریز میں سب سے زیادہ 21 سنچریوں کا 70سال پرانا ریکارڈ برابر ہوگیا۔ اس سے قبل1955میں آسٹریلیا ویسٹ انڈیز سیریز میں بھی 21 سنچریاں بنی تھیں۔ بھارتی کپتان شبمن گل نے 4، انگلش بیٹر جو روٹ نے 3جبکہ کے ایل راہول، رشبھ پنت اور جیسوال، ہیری بروک نے2 ، 2 سنچریاں بنائیں۔