• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لومڑی کی میچ کے دوران اچانک انٹری، لارڈز کا میدان مار لیا

تصویر:بین الاقوامی میڈیا
تصویر:بین الاقوامی میڈیا

لندن میں جاری دی ہنڈریڈ 2025ء کے افتتاحی میچ کے دوران میدان میں ایک غیر متوقع مہمان نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ ایک جنگلی لومڑی نے ناصرف میچ رکوا دیا بلکہ لارڈز اسٹیڈیم کے تماشائیوں کو خوب محظوظ بھی کیا۔

یہ حیران کن لمحہ اُس وقت پیش آیا جب لندن اسپرٹ اور دفاعی چیمپئن اوول انوِنسِبلز کے درمیان ہائی وولٹیج میچ جاری تھا، انوِنسِبلز کو فتح کے لیے 72 رنز درکار تھے اور ڈینیئل وورال گیند کروانے ہی والے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار لومڑی میدان میں داخل ہوگئی۔

تماشائیوں نے زور دار قہقہوں اور تالیاں بجا کر اس مہمان کا خیرمقدم کیا، جبکہ کمنٹیٹرز اسٹورٹ براڈ اور ایون مورگن بھی اپنی ہنسی نہ روک سکے، کیمرے فوراً لومڑی کی طرف منتقل ہوگئے اور یہ دلچسپ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اس واقعے کے بعد کھیل چند لمحوں کے لیے روک دیا گیا، جب تک کہ لومڑی باؤنڈری لائن پار کر کے اسٹیڈیم سے باہر نہ نکل گئی، اس کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا، لیکن یہ لمحہ شائقین کے دلوں میں بس گیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی جانور نے کرکٹ کا میچ متاثر کیا ہو، فروری 2025ء میں چیمپئنز ٹرافی کے دوران کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایک بلی کی آمد نے افغانستان اور جنوبی افریقہ کا میچ روک دیا تھا۔

 اس سے قبل کولمبو میں سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان ایک روزہ میچ میں ایک سانپ کی انٹری نے میچ رکوا دیا تھا۔ 

اگست 2023ء میں بھی لنکا پریمیئر لیگ کے دوران ایک سانپ میدان میں گھس آیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید