• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی اداکار کی شو کے دوران وِگ اتر گئی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

چین کے معروف اداکار چین ژے یوان سوشل میڈیا پر مذاق بن گئے۔ 

گیم شو کے دوران اداکار کی وَگ اُتر گئی جس نے دیکھنے والوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا۔ شو کا مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

رومانوی ڈرامے ’ہڈِن لو‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار چین ژے یوان کی ایک ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں اداکار کو چینی گیم شو ’کیپ رننگ‘ میں دیکھا جاسکتا ہے جہاں وہ اپنے آنے والے ڈرامے کی تشہیر کے لیے دیگر کاسٹ کے ساتھ شریک ہیں۔

ایک سیگمینٹ کے دوران گیم ہارنے پر انہیں سزا دی گئی اور ساتھی اداکاروں کو ان کے چہرے پر پانی کی بالٹی ڈالنے کا کہا گیا۔ اسی دوران اداکار کی وِگ اتر گئی اور ساتھی اداکار یہ منظر دیکھ کر ہنسنے لگے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک اداکار نے فوراً ان کی وِگ کو ان کے سر پر دوبارہ لگا دیا جبکہ ایک نے کیمرا مین کو یہ مناظر ریکارڈ کرنے سے منع کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چین ژے یوان ان دنوں ایک پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے لیے انہیں اپنے بال کٹوانے پڑے ہیں، لیکن اپنے لُکس کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں وِگ کا سہارا لینا پڑا۔

شو کا وائرل ویڈیو کلپ اداکار نے خود سوشل میڈیا ایپ ’ویبو‘ پر شیئر کیا اور مذاق میں لکھا کہ ’کچھ نہ کہیں، بس یہ سمجھیں کہ آپ نے کچھ دیکھا ہی نہیں، ٹھیک ہے؟‘

چین ژے یوان ’ہینڈسم سبلنگز‘ اور ’آور سیکریٹ‘ جیسے چینی ڈرامہ سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دیکھا چکے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید