وزیرِ اعظم شہباز شریف سے طالب علم اکرام اللّٰہ کاکڑ نے ملاقات کی ہے۔
وزیرِ اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملنے والے اکرام اللّٰہ نے راولپنڈی میٹرک بورڈ کے امتحان میں تیسری پوزیشن لی ہے۔
وزیرِ اعظم نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ سے تعلق رکھنے والے اکرام اللّٰہ کاکڑ کی امتحانات میں کارکردگی کی تعریف کی۔
اکرام اللّٰہ کاکڑ کا خاندان چند سال قبل قلعہ سیف اللّٰہ میں سیلاب سے متاثر ہوا تھا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اکرام اللّٰہ کاکڑ کو یاد دلایا کہ ان کی بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے میں متاثرین کے خیمے میں ملاقات ہوئی تھی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ اکرام اللّٰہ محنت سے اپنے ہدف کی طرف گامزن ہے۔
اس موقع پر اکرام اللّٰہ کاکڑ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔