چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی کو پاکستان کی زندگی کی علامت دریائے سندھ پر حملہ کرنے نہیں دیں گے، عوام میں اتنی طاقت ہے کہ بھارت سے اپنے تمام 6 دریا واپس چھین سکیں۔
بھٹ شاہ میں شاہ عبدالطیف بھٹائی کے عرس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب بھٹائی کے ماننے والے ہیں، بھارت کے ساتھ جنگ ہم نے شروع نہیں کی مگر مکمل ہم نے کی، جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست دی، جنگ شروع ہوئی تو دریائے سندھ کے کنارے پر کھڑے ہو کر کہا تھا کہ مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کروں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، سندھو دریا پر حملے کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی، مودی کے پانی روکنے کی دھمکی کو پوری دنیا میں اٹھایا ہے، مودی کے جھوٹ کو پوری دنیا میں میں بے نقاب کردیا۔
پی پی پی چیئرمین نے کہ پاکستان پر بھارت نے رات کے اندھیرے پر حملہ کیا،جنگ چھیڑی، پاکستان نے جنگ شروع نہیں کی لیکن ختم پاکستان نے کی، پاک افواج نے دشمن کو تاریخی جواب دیا، بھارت نے عبرت ناک شکست کے بعد پاکستان کے پانی پر حملہ کیا، دریائے سندھ کا پانی سندھ سمیت پورا پاکستان پیتا ہے۔