• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ڈاکٹر کو دن دیہاڑے قتل کردیا گیا، مقتول واک کرنے نکلا تھا


فائل فوٹو
فائل فوٹو 

کراچی کے علاقے لیاری میں دن دیہاڑے ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، کلینک سے نکل کر واک پر جانے والے ڈاکٹر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی۔

 لیاری کے علاقے بکرا پیڑی کے قریب فائرنگ کرکے ڈاکٹر شمبو لعل عرف ڈاکٹر لعل کو قتل کر دیا گیا، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔

ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ مقتول ڈاکٹر کو تعاقب میں آنے والے ملزمان نے نشانہ بنایا، وہ حسب معمول لیاری ایکسپریس وے کے ٹریک پر واک کیلئے جا رہے تھے۔ 

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سٹی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ مقتول ڈاکٹر لعل گارڈن کے رہائشی تھے اور عرصہ دراز سے کلا کوٹ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع کلینک چلا رہے تھے۔

پولیس کے مطابق قتل کے مقام سے نائن ایم ایم کی گولیوں کے تین خول ملے جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے،ابتدائی طور پر مقتول کی کسی سے ذاتی رنجش بھی سامنے نہیں آئی، پولیس نے بھتے کی عدم ادائیگی سمیت دیگر پہلؤوں پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹر کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں درج  کرلیا گیا، جس میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ  میرے والد کا پیسوں کا تنازع کچھ لوگوں سے چل رہا تھا، والد کو تین نامعلوم افراد نے قتل کیا ہے۔

ڈپٹی انسکپٹر جنرل (ڈی آئی جی) ضلع جنوبی اسد رضا کا کہنا ہے کہ  واردات میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیا گیا ہے، فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی حاصل کی جا رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید