وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مدرسہ اور اس کے ساتھ مسجد تھی، سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے راتوں رات آپریشن ہوا ہے جو بالکل غلط ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ جنوری سے مدرسہ انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں تھے، مدرسہ انتظامیہ کی مرضی کی جگہ پر جدید مدرسہ بنایا گیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ان کے 185طلبہ تھے جنہیں منتقل کیا گیا، ہم نے کوئی بھی قدم ایسا نہیں اٹھایا جو مشاورت کے بغیر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پھر ایک اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا کہ پچاس مزید مقامات پر آپریشن کیا جائے گا، وزیر داخلہ سے بات چیت کی جائے گی اور مشاورت کے ساتھ سب کچھ ہوگا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ایسی باتیں بالکل غلط ہیں کہ بغیر مشاورت کے عمل ہوا، تمام علما کو یقین دلاتے ہیں ہم معاملے کو مشاورت اور افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مولانا عبد الغفور حیدری کا بہت مثبت کردار رہا ہے۔