پاکستان کے معروف گلوکار اور عالمی شہرت یافتہ فنکار عاطف اسلم شدید غم کی کیفیت سے گزر رہے ہیں، ان کے والد محترم محمد اسلم آج لاہور میں انتقال کر گئے۔
عاطف اسلم اپنی سریلی آواز اور بین الاقوامی کامیابی کے ساتھ ساتھ مضبوط خاندانی اقدار کے لیے بھی جانے جاتے ہیں، اکثر اپنے والدین کی غیر متزلزل حمایت کا ذکر کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے متعدد مواقع پر بتایا کہ وہ بڑے فیصلوں سے قبل اپنی والدہ سے مشورہ کرتے ہیں اور اپنے والد کو زندگی اور کیریئر میں رہنمائی کا مینار قرار دیتے ہیں۔
محمد اسلم کی وفات کی تصدیق کے بعد مداحوں، ساتھی فنکاروں اور دنیا بھر سے چاہنے والوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا، سوشل میڈیا پر عاطف اور ان کے اہلخانہ کے لیے دعاؤں اور ہمدردی کے پیغامات کا طوفان امڈ آیا۔
عاطف اسلم نے ماضی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میرے والد نے مجھے مستقل مزاجی، دوسروں کے ساتھ برتاؤ کرنے کا طریقہ اور پیشہ ورانہ معاملات میں ڈٹے رہنے کا حوصلہ سکھایا ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ ان کی توجہ، نظم و ضبط اور کام کے حوالے سے سنجیدگی انہی کی عطا کردہ تربیت کا نتیجہ ہے۔