آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں کتنے دہشتگرد ہیں،یہ نہیں بتایا جاسکتا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی کے پی کے نے کہا کہ باجوڑ میں اس وقت ٹارگٹڈ کارروائیاں چل رہی ہیں، باجوڑ میں جوائنٹ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے باجوڑ میں سیکیورٹی کی صورتحال برقرار رکھنی ہے۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ خار سمیت دیگر علاقوں کے لیے پولیس کی تعیناتی کی ہے، جو کیمپس قائم کیے گئے ہیں اس پر سیکیورٹی تعینات کی ہے اور جو لوگ رضاکارانہ طور پر جاتے ہیں ان کے لیے پولیس اور انتظامیہ نے انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیکل اور کھانے سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔